منشور


واپس پہلے صفحے پر

نون بگلہ برادری

منشُور

سماجی اصلاح ِ احوال۔ نون بگلہ

حصہ اول

Basic Structure.بنیادی ڈھانچہ

پنچائت  (ثالثی کمیٹی)

۔1۔ برادری امیر اول 

                 ۔2۔ برادری امیر دوم

۔3۔ منتخب معززین برادری

 ایکشن  کمیٹی     یا (عملدرآمد کمیٹی)

ایک نگران اور باقی حسب ضرورت نوجوانوں پر مشتمل ہو گی جو  بوقت ِ ضرورت امور کی انجام دہی کے لئے رضاکارانہ طور پر اجتماعی فلاح  و امدادی سرگرمیوں میں حصہ لیں گے

مشاورتی کمیٹی یا (مجلس عاملہ)

ایک سرپرست  کے زیرِ نگرانی  امیران ِ برادری  اور دیگر کمیٹیوں کو منصوبہ بندی، مالیات ، رکنیت ،  کمیٹیوں کے

قیام ، شرح شراکت، اور دیگر امور  پر مشورہ   اور تجاویز دیں گے ۔

 ****************************

طریقہ ءِ  انتخاب ، پنچائت

قابل بھروسہ، اور غیر جانبدار افراد جو ہربڑے خاندان ، ذات ،گروپ  یا محلے سے ایک ایک نمائندے کی صورت میں ہوگا۔ اور مجموعی طور پر تمام منتخب نمائندوں،ایک امیرِ برادری اول اور ایک امیر برادری دوم پر مشتمل ہوگی۔ ان  سب کا انتخاب برادری اتفاق رائے سے کرے گی۔

ذمہ داریاں

پنچائیت کے اراکین  باہمی مشاورت سے تمام برادری کے لئے ایک مناسب اور قابل عمل  منصوبہ بندی کو دستاویزی صورت میں مرتب کریں گے۔ 

درپیش باہمی یا ہمہ جہت  حل طلب معاملات  اور مسائل جو فرد یا افراد کی طرف   سےپیش کئے جائیں گے ان کوبغرضِ انصاف  غیر جانبداری سے سنیں گے۔ اپنی انفرادی  رائے قائم کر کے آپس میں گفت و شنید کے بعد ایک منصفانہ فیصلہ صادر کریں گے۔

  امیران برادری  ،  روز مرہ کے  متفقہ امور ، معاملات، منصوبہ بندی، طریقہ کار، ضروریات، اور دیگر امور کی نگرانی کریں گے۔  رائے کو برادری یا پنچائت میں رکھیں گے اور اس پر اجتماعی رائے اور اتفاق  کے لئے  ضرورت، اہمیت، طریقہ کار، اور ہئیت وغیرہ کے لئے مدلل بحث یا گفتکو   کر  کے حمایت یا اختلاف  کے لئے مشترکہ یا متفقہ  فیصلہ لیں گے۔ 

اکثریتی فیصلے کو مقدم رکھا جائے گا اور  پنچائت کے اراکین یا امیران   کی انفرادی رائے کو لاگو کرنے کی کوشش یا سازش نہیں کی جائے گی۔

 

ایکشن کمیٹی۔

گاؤں کے نوجوانوں پر مشتمل ہوگی جن کا انتخاب باہمی مشاورت سے کیا جائے گا۔ ایک نگران  ممبرہوگا۔        

        ان کا کام انتظامی امور کی انجام دہی ہوگا ۔ تمام  اجتماعی کام رضاکارانہ بنیادوں پر کریں  گے اور اس کے لئے کسی معاوضے یا  معاشرتی اصولوں  کے بر خلاف کسی رعایت  کی امید نہیں رکھیں گے۔ مجموعی پنچائیت  یا کسی پنچائیتی ممبر کی طرف سے لگائی جانے والی ذمہ داری کو اعزاز سمجھ کر سرانجام دیں گے اور کسی حیل و حجت، عار، یا  لا پرواہی سے کام نہیں لیں گے۔

خدمت خلق، اور خیر سگالی کے جذبے کے تحت  صرف اللہ تبارک و تعالی ٰ کی خوشنودی، کو مدِ نظر رکھیں گے۔  احساس ذمہ داری کے حامل انتظامیہ کے اراکین بلا تخصیص کام کریں گے۔

کسی خدمت کو حقیر نہیں سمجھیں گے اور نہ ہی اپنی مرضی کی خدمات کا انتخاب کریں گے۔ پنچائیت، امیر ان برادری، یا انتظامیہ کمیٹی  کے نگران کے تفویض کردہ امور کو خوش دلی سے قبول کریں گے۔  برادری،  پنچائیت، یا انفرادی طور پر کسی شخص سے اپنی خدمت کے بدلے میں کوئی  معاوضہ ، اجرت، یا حمایت طلب نہیں کریں گے۔

 

حصہ دوئم

Rules and Actionsکارکردگی ، و ضوابط ۔

بنیادی نقاط اور وضاحت

۔1۔     عمومی نوعیت کے معاملات، اختلافات، مسائل  کو  کسی ایک یا دونوں امیران ِ برادری   ، یا  ثالثی کمیٹی کے  کسی رکن کے سامنے پیش کیا جائے گا۔ اور   وہ غیر جانبدارانہ فیصلہ یا رائے دیں گے۔  بڑے اور زیادہ سنجیدہ معاملات  کی صورت میں  امیر برادری پوری پنچائت  یا چند ممبران کا مشترکہ اجلاس طلب کریں گے۔   معاملات کو امیران ِ برادری کے علاوہ  پنچائت کے کسی رکن کے سامنے بھی پیش کیا جا سکتا ہے اور وہ بھی افہام و تفہیم یا ثالثی سے حل تلاش کریں گے۔  پنچائت کا کوئی رکن بھی مشترکہ اجلاس بلانے کا مجاز ہو گا۔ 

۔2۔      اکثریتی اور حتمی فیصلے کو پنچائت سمیت برادری کا ہر فرد تسلیم کرنے اور اس پر عمل کرنے کا پابند ہو گا۔

۔3۔     کسی انفرادی،  اجتماعی،  خاندانی،  یا سیاسی معاملے میں بلائی جانے والی نشست میں گاؤں میں موجود ہر فرد اپنی شرکت کو یقینی بنائے گا۔ جرگے،  نشست،  یا بیٹھک  میں شمولیت کو اپنے ذاتی امور پر ترجیح دے گا

۔4۔  کسی جرگے یا نشست میں  اصولوں کے مطابق ایک فرد بات کرے گا اور دوسرا اپنی باری پر اجازت لے کر اپنا مدعا بیان کرے گا۔ بہ یک وقت بات کرنے یا بحث کی اجازت نہیں ہوگی۔ اس لئے ہر ایک کو اپنا مدعا بیان کرنے کی تیاری کے ساتھ پنچائت میں بیٹھنا ہوگا۔  اگر ضروری اور قابل بحث نقاط کو تحریر کر کے اپنے پاس رکھ لیا جائے تو بہتر ہو گا۔

۔5۔      کسی بھی فرد یا خاندان کے نجی یا ذاتی معاملات پر بدوں اجازت، یا ضرورت بات نہیں کی جائے گی۔

 

4۔  6۔     معاشی ، معاشرتی یا سیاسی مقام کی وجہ سےکوئی رعایت نہیں ہو گی کسی بھی آدمی کو اعلی یا ادنی تصور نہیں کیا جائے گا۔

۔7۔     محلے، خاندان، یا اجداد کے نام پر تقسیم کی مذمت اور حوصلہ شکنی کی جائے گی۔ اور کسی قسم کی تفریق کی ہر گز اجازت نہیں ہوگی۔

۔8۔     سیاسی اور ذاتی اختلافات کو بھائی چارے کی راہ میں رکاوٹ نہیں بنایا جائے گا۔ اس طرح کی ہر کوشش یا سازش  کی سرکوبی کی جائے گی۔

۔9۔    اجتماعی مفادات کے لئے سیاسی اختلافات کے با وجود یک زبان ہو کر مجموعی فلاحی امور میں پیش قدمی کی جائے گی۔

۔10۔  معمولی جھگڑوں کو گاؤں کے اندر حل کیا جائے گا۔ قانون شکنی کی صورت میں قانون کی حمایت کی جائے گی۔

۔11۔     نوجوانوں اور بچوں میں بے راہ روی، بد اخلاقی،  فحاشی، عریانی اور منشیات کے استعمال سے بچنے کا شعور اجاگر کیا جائے گا۔ بلا تمیز ان پر برادری کا ہر فردنظر رکھے گا۔ اور ایسی منفی سرگرمیوں خصوصاً منشیات کے فروغ میں ملوث افراد کے خلاف آواز اٹھائی جائے گی۔

۔12۔     قدرتی وسائل کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے  اجتماعی کوشش کی جائے گی۔

۔13۔    آپس میں جھگڑوں کے بجائے مکالمے کو رواج دیا جائے گا۔

۔14۔    تمام برسر روزگار افراد پر آمدن کے مطابق ماہانہ چندہ مقرر ہو گا جو مسجدوں مدرسوں کے انصرام و انتظام، قرض حسنہ، مستحق کی امداد، اور تجہیز و تکفین کے لئے استعمال کیا جائے گا۔

۔15۔    مذہبی، مسلکی، اور فروعی اختلافات سے اجتناب کیا جائے گا۔

۔16۔      اجتماعی فیصلوں کا احترام ہر فرد پر بلا تفریق لازم ہو گا۔

(ان نقاط میں اضافے اور منہا کرنے کی گنجائش موجود ہے

حصہ سوئم

Mission – مقاصد

 

              اصلاح احوال ایک اجتماعی مقصد ہے۔ اس کے لئے کسی ایک یا چند افراد کو ذمہ دار نہیں ٹھہرایا جا سکتا ، بلکہ ہر ایک برادری رکن کو اپنا بھر پور کردار ادا کرنا ہو گا۔  سرِ دست برادری پنچائت چند بنیادی ترجیحات یا امور پر توجہ مرکوز کر کے ابتدا کر رہی ہے۔ اور اس کے لئے باہمی  اور مجموعی شراکت کو    ایک انتظامی کمیٹی کی زیر ِ نگرانی رواج  دیا جائے گا۔ حسب ِ استطاعت ہر ایک کو اپنا حصہ ڈال کر اس رفاعی اور فلاحی مقصد کا حصہ بننا چاہئے۔ درج ذیل ترجیحات ،امور یا نکات  کو مقصد بنایا جا رہا ہے۔ جو برادری کے ہر رکن کو جو مالی شراکت داری میں شامل ہوگا،بطور برادری برتاؤ  مہیا کی جائیں گی۔

ترجیحات یا مقاصد درج ذیل ہیں۔        

۔1۔ تجہیز و تکفین

۔2۔ صحت ،علاج، تعلیم

۔3۔ قرضِ حسنہ

۔4۔ وافر مالی وسائل اور معاونت کی صورت میں مدرسے کی تدریس اور مدرس کا بندوبست۔

درج بالا ترجیحات کی وضاحت

تجہیز و تکفین۔

گاؤں کی حدود یا اس سے باہر ،کمیٹی میں(رجسٹرڈ) رکن   خاندان کے  کسی فردکے انتقال کی صورت میں  برادری   مشترکہ طور پر درج ذیل ذمہ داریاں ادا کرے گی۔

۔(الف) ۔      قبرکی تیاری،  تدفین،  اور متعلقہ معاملات   بشمول کفن  کی فراہمی، میں اجتماعی شرکت

۔(ب) ۔       اہلِ خانہ سمیت  تدفین میں شرکت کرنے والے مہمانوں کے لئے طعام  کے بندوبست کے

۔ایک اعلان کردہ پیکیج  کی فراہمی جس میں یکساں طور پر  غذائی اجناس اور لوازمات شامل ہوں گے۔

پہلے روز کے لئے طعام کی تیاری  انتظامی کمیٹی  برادری کے کارکنوں اور پیشہ وارانہ  ماہرین کے تعاون سے کرے گی جبکہ باقی برادری تدفین میں شریک ہو گی۔ اور اگلے دو روز کے لئے سودہ سلف  اہل خانہ یا پڑوسی کے سپرد کرے گی ، تا کہ بروقت ضرورت پوری ہو سکے۔

 

گاؤں سے باہر سکونت پزیر اراکین کے ساتھ برتاؤ گاؤں کے اندر ہی کیا جائے گا۔عارضی سکونتی علاقے میں  مجوزہ سہولت کی ذمہ داری نہیں لی جا سکتی۔

۔(ج) ۔      کفن ، دفن کے لئے دستیاب سامان کی فراہمی۔ جس میں بوقت ضرورت، پتھر، بلاک، سیلیں،

   اور دیگر بنیادی لوازمات  شامل ہیں۔

۔(د)  ۔     درج بالا  میں سے(  الف )اور (ب ) بلا تخصیص ہر رکن  کو میسر ہوں گے۔ البتہ (ج) لواحقین کی

 منشاء پر منحصر ہو گا۔ اگر اہل خانہ اپنے عزیز کی قبر پر اٹھنے والی لاگت کی ادائیگی کرنا چاہے تو وہ برادری فنڈ میں اس کی ادائیگی کر سکتا ہے۔ لیکن اس کے لئے اہل خانہ یا لواحقین سے کوئی تقاضا یا مطالبہ نہیں کیا جائے گا۔ برادری اس کو سماجی شراکت داری ،  برادری کےحق کی ادائیگی ،اور کار خیر میں حصہ ڈالنے سے تعبیر کرے گی۔

صحت ،علاج، تعلیم

برادری کمیٹی  کے کسی فرد کو ناگہانی طور پرصحت، علاج یا تعلیم کے لئے فوری مالی امداد کی

ضرورت پڑ جائے تو اسکی مدد کی جائے گی۔ ایمبولینس، ادویات، ہسپتال تک پہنچنے، یا  بنیادی اخراجات نہ ہونے کی وجہ سے کوئی زندگی ختم نہیں ہونی چاہئے۔ مستحق افراد کے لئے ایسی بنیادی اور ضروری امدا د برادری فنڈ سے کی جائے گی۔ مالی طور پر مستحکم افراد یا خاندان ان اخراجات  کے لئے حاصل کردہ رقم  فنڈ میں یکمشت یا قسط وار واپس جمع کروائیں گے۔

کسی ذہین طالبعلم  کی تعلیم کا سال رقم کی عدم دستیابی کی وجہ سے ضائع ہونے سے بچانے کے لئے اس کو یا اس کے خاندان کو مالی امداد فراہم کی جائے گی۔ جو مستحق کے علاوہ یکمشت یا قسط وار برادری فنڈ میں واپس ادا کی جائے گی۔

۔(ر)۔مستحق کو استسناء   اراکین کی  اکثریت  کی مشاورت کے  ساتھ ہو گا۔

قرضِ حسنہ

قرضِ حسنہ کے لئے تین ترجیحات مقرر کی جاتی ہیں۔

۔1۔ لڑکیوں کی شادی  کے لئے ضرورتمند خاندان  یا افراد

۔2۔ ذہین اورقابل بچوں کی تعلیم کے لئے

۔3۔ بے روزگار مگر کسی صلاحیت کے حامل فرد کو روزگار کے لئے۔

 

قرض حسنہ کے لئے کمیٹی فیصلہ کرے گی۔ اور ایک دستخط شدہ معاہدے کےتحت مالی امداد فراہم کرے گی۔

٭مدرسہ

کوشش کی جائے گی کہ ماہانہ چندے سے مدرسے  میں تدریسی سرگرمیوں کا  تعاون کیا جائے اور مدرس کی مالی معاونت کی جائے۔ اگر دستیاب وسائل سے ممکن نہ ہوا   موجودہ طریقہ کار جاری رہے گا اور اس کی کمی بیشی کو  برادری چندے سےپورا کیا جائے گا۔

جن افراد یا خاندانوں کے پاس برادری کی رکنیت نہیں ہو گی ، ان کے بچے مدرسے کی تعلیم حاصل کرنے کے لئے فیس ادا کریں گے۔ جس کی مقدار برادری پنچائیت یا مدرسہ کمیٹی مقرر کرے گی۔ ماہانہ چندہ یا فیس ادا نہ کرنے والے خاندانوں کے بچوں کو مدرسے میں بیٹھنے کی اجازت دینے یا  نہ دینے کا فیصلہ  مدرسہ کمیٹی  کرے  گی۔

***********************

 

حصہ چہارم

Membership and Aid – رکنیت و معاونت

نون بگلہ میں رہنے والا یا متعلقہ ہر شخص بلا تخصیص قبیلہ و خاندان برادری اورذات

پنچائت کی رکنیت  کا اہل ہے۔ البتہ عمومی یا خصوصی معاونت کے لئے کمیٹی کی رکنیت مالی  شراکت کی بنیاد پر ہو گی۔

عمومی یا برادرانہ معاونت

عمومی گروپ (کمیٹی)

مذکورہ تعاون   کے نقاط  عمومی امداد  یا برادری برتاوے کے زمرے میں آتے ہیں اور یہ برادری

 کے ہر اس   رکن کے لئے دستیاب ہوں گے جو        مجوزہ ماہانہ  مالی شراکت داری یا چندہ ادا کرے گا۔

 اگرکوئی فرد، خاندان، یا گروپ ماہانہ حصہ نہیں ڈالے گا تو  ایسے افراد کے لئے ان سہولیات  کی ذمہ داری نہیں لی جائے گی۔ بوقت ضرورت برادری کی اکثریت فیصلہ کرے گی کہ  مذکورہ سہولتوں میں سے کوئی ایک یا سب سہولتیں فراہم کی جائیں یا نہیں۔  لیکن اس بات کی سفارش کی جائے گی کہ جو لوگ برادری کے اجتماعی معاملات میں عدم دلچسبی رکھتے ہوں، ان کو نظر انداز کر کے معاشرتی اخلاقیات، کردار، ضرورت،  اور اقدار کی اہمیت کا احساس دلایا جائے۔  عمومی امداد کے لئے  برادری کی ماہانہ مالی شرکت کی رکنیت کو ضروری سمجھا جائے۔

٭رکنیت:-

1۔ ہر وہ خاندان جو نون بگلہ کی حدود میں سکونت پزیر ہے یا کسی دوسرے علاقے میں سکونت رکھنے کے 

باوجود نون بگلہ کی برادری سے برتاؤ کا  شراکت دار ہے۔ رکن بننے کا اہل ہے۔

2۔  وہ فردجو نجی ملازمت  یا کاروبار کرتا ہے اورمقررہ شرح سے  شراکت کرتا ہے،رکنیت کا اہل ہے۔

3۔ تمام سرکاری ومستقل ملازم افراد جو مقررہ شرح سے ماہانہ شرکت کریں۔ رکنیت کے اہل ہیں۔

 4۔بے روزگار، یا غیر مستحکم  خاندانی ذرائع آمدن کی صورت میں کم از کم شرح سے نافذ کردہ کمیٹی  با قاعدگی

سے ادا کرے گا۔ یا برادری مستحق قرار دے کر ماہانہ  مالی شراکت داری سے مستسنیٰ کر دے،وہ  برابر  کا  رکن تصور کیا جائے گا اور اس کو تمام سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

اگر کوئی رکن 2 ماہ تک مقررہ شراکت نہیں کرے گا اس کی رکنیت منجمند ہو جائے گی اور مزید ایک ماہ کے بعد رکنیت ختم ہو جائے گی۔ بغیر رکنیت، یامنجمندرکنیت کے حامل افراد یا خاندانوں سے کسی مالی معاونت کی ذمہ داری نہیں لی جائے گی۔

 

***********************

 

خصوصی شراکتی معاونت (نقد مالی معاونت)

خصوصی گروپ  (کمیٹی)

موت مرگ کی صورت میں خصوصی  مالی امداد کے لئے ایک معینہ  اور برابرمقدار میں مالی شراکت  ، اور اس کے لئے ایک الگ گروپ کی رکنیت ضروری ہے۔ اس خصوصی گروپ کا ہر رکن کسی دوسرے رکن یا اس کے خاندان میں طبعی یا حادثاتی موت کی صورت میں ایک مخصوص رقم نقد ادا کرے گا جس سے متاثرہ خاندان کی مالی مدد کی جائے گی خواہ وہ مالی طور پر مستحکم ہی کیوں نہ ہو۔ سرِ دست اس شراکت داری کے لئے 1000 روپے فی رکن کی شرح مقرر کی جاتی ہے۔  کل مالی امداد کا انحصار مجموعی ممبران کی تعداد پر  اور تمام اراکین کے متفقہ فیصلے پر ہے۔  مشاورت سے مجوزہ شرح، یا اقساط  میں اضافے کی گنجائش موجود ہے۔

اس گروپ کی رکنیت اختیاری ہے۔ کسی فرد کو مجبور نہیں کیا جائے گا۔   برادری کا ہر فرد  جو خود یا اہل خانہ میں سے کوئی

 جاری رکھنے کے لئے رضامند ہو، اس کا اہل ہے اور جو چاہے رکنیت اختیار کر لے۔ لیکن اس کے لئے لواحقین کی رضامندی بھی ضروری ہے جو رکن کی رحلت کے بعد رکنیت کو جاری رکھ سکے۔  یہ ادائیگی ماہانہ بنیادوں پر نہیں  ہے بلکہ صرف

رکن یا اس کے زیرِکفالت  بالغ افراد خانہ کی رحلت کی صورت میں کی جائے گی۔

* کسی رکن کے نا بالغ لواحقین کی صورت میں  ان کے بالغ اور با روزگار ہونے تک دیگر ممبران مالی معاونت کی مقررہ  حد کو

 پورا کرنے کے لئے اضافی شراکت کریں گے۔  ممبر کے لواحقین  صاحبِ استطاعت ہونے پر   شراکت کے پابند ہوں گے۔

طریقہ کار۔

مبلغ 1000 روپے ہر رکن جمع کرے گا۔گروپ کے کسی ایک رکن یا  اس کے زیرِ کفالت  افراد میں سے کسی کی رحلت پر ادائیگی تک رکنیت حاصل کی جا سکتی ہے۔ ایک ادائیگی کے بعد ممبر شپ کے لئے دگنی مقدارمیں رقم ادا کر کے رکنیت حاصل کی جا سکے گی۔ دو ممبران کی رحلت  یا ادائیگی کے بعد اس گروپ کی رکنیت نہیں دی جائے گی۔

٭رکنیت:-

۔1۔    ہر وہ خاندان جو نون بگلہ کی حدود میں سکونت پزیر ہے یا کسی دوسرے علاقے میں سکونت رکھنے کے با وجود نون بگلہ کی برادری سے برتاؤ کا  شراکت دار ہے۔ رکن بننے کا اہل ہے۔

۔2۔     وہ شخص جس کی رحلت کے بعد لواحقین میں سے کوئی فرد اس رکنیت کو جاری رکھنے کے لئے رضامند ہو، رکن بننے کا اہل ہے۔  کسی ممبر یا اس کے خاندان کے بالغ فرد کی رحلت کے وقت دی جانے والی  مالی امداد  ایک تحریری معاہدے  کے تحت ہو گی۔

۔3-    غیر شادی شدہ ، لا ولد، والدین کے کفیل، اولاد کے زیرِ کفالت افراد رکنیت لینے کے اہل ہیں۔

اس خصوصی کمیٹی کی رکنیت کے لئے عمومی کمیٹی کا ممبر ہونا ضروری ہے۔

 

*****************************

مالی وسائل

عمومی معاونت کے لئے مالی وسائل اجتماعی شراکت سے پیدا کئے جائیں گے۔ برادری کے  عمومی ماہانہ چندے کے لئے ہر خاندان کی شرکت کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔  درج ذیل ذرائع سے مالی وسائل کا بندو بست کیا جائے گا۔

۔1۔ ہنگامی چندہ۔

تمام برادری کے ارکین جو استطاعت رکھتے ہوں، کسی ضرورت کے وقت ہنگامی چندہ کریں گے۔

۔2۔ ماہانہ چندہ۔

ہر خاندان ، جو نون بگلہ کی حدود  یا برادری کے نظم و ضبط  کی پابندی  کا حامی ہے وہ ایک کم از کم مقدار میں ماہانہ چندہ ادا کرے گا۔

بے روزگار، یا غیر مستقل  و غیر مستحکم  خاندانوں کے لئے کم از کم 100 روپے ماہانہ چندہ مقرر کیا جاتا ہے۔

غیر مستحکم، اور کم آمدن خاندانوں کے لئے کم از کم مقدار 300 روپے ہوگی۔

مستحکم، مستقل اور ملازم پیشہ افراد کے حامل خاندانوں  کے لئے 500 روپے ماہوار ۔

بیرون ملک کام کرنے والے افراد ، اعلیٰ ملازمت پر فائز، اور اچھی کاروباری  آمدن کے حامل اشخاص کے لئے 500 روپے یا اس سے اوپر  کی شرح سے شراکت کی اپیل کی جائے گی۔ بصورت دیگر وہ کم از کم 500 روپے کی شراکت ضرور کریں گے۔ اور زیادہ سے زیادہ کی کوئی حد مقرر نہیں ۔

 

3۔مخیر حضرات ۔

وہ افراد جو نون بگلہ سے سکونت ترک کر چکے ہیں، یا عارضی طور پر کہیں منتقل ہو گئے ہیں برادری کے فرد تصور کئے جاتے ہیں۔ ان سے برادری کے  اصول و ضوابط کے مطابق برتاؤ کیا جائے گا اور انھیں برادری کا حصہ سمجھا جائے گا۔ ان حضرات  اور خاندانوں سے بھی  سکونت پزیر افراد کی طرح  ماہانہ عمومی یا خصوصی مالی شراکت کی اپیل کی جاتی ہے۔

نیز صاحب ِ استطاعت لوگ کارِ خیر میں حصہ ڈالنے  کے جذبے اور اللہ تعالی ٰ سے جزاء خیر کے لئے شرکت کریں، تاکہ بلا تخصیص برادری کے کم وسائل کے حامل افراد اور خاندانوں کی معاونت  کی جا سکے۔

 

ماہانہ چندہ  مخصوص منتخب  فرد یا افراد کے پاس جمع کروایا جائے گا۔  مالیات کا ایک مشترکہ کھاتہ (اکاؤنٹ )دو اراکین کے نام سے بنک میں کھولا جائے گا جس میں ایک پنچائت کا رکن اور ایک انتظامی کمیٹی کا ممبر شامل ہو گا۔

 

٭رکنیت کی تنسیخ۔

 

1۔      شرعی ،قانونی ، اخلاقی،  اور معاشرتی جرائم میں ملوث افراد  کی رکنیت منسوخ تصور ہوگی۔

2۔    پنچائت کے فیصلوں سے بغاوت کرنے والے افراد یا خاندان، رکن تصور نہیں کئے جائیں گے۔

3۔    اجتماعی امور، ماہانہ چندے، اور باہمی تعاون سے  کنارہ کشی کرنے والے افراد یا خاندان  رکنیت کے اہل نہیں ہونگے۔

4۔    برادری کے اجتماعی   اور متفقہ فیصلوں سے انکاری، نظم و ضبط سے عاری، بھائی چارے اور برتاؤ  سے لا تعلق رہنے والے،  برادری میں پھوٹ ڈالنے، سازش کرنے ، افواہیں پھیلانے، گمراہی پیدا کرنے ، اور سازش کرنے یا کسی سازش کا حصہ بننے والے افراد  کی رکنیت معطل یا منسوخ کر دی جائے گی۔

 

رکنیت کی منسوخی یا تعطل کا فیصلہ مجلس عاملہ کرے گی۔

*************************

 


واپس پہلے صفحے پر